مظفرگڑھ/کوٹ ادو
18فروری 2025( )
صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ عمران نذیر نے کوٹ ادو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ ویژن ہے کہ صحت کی سہولیات عوام کے گھروں کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو میں سی ٹی سکین مشین کے نصب ہونے سے اب یہاں کی عوام کو ملتان نہیں جانا پڑےگا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور کوٹ ادو کے ٹی ایچ کیو ہسپتال کو مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ادویات کی خریداری کا عمل شفاف طریقے سے جلد شروع کی جائیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں مانیٹر 24 گھنٹے میں لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوٹ ادو ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کا درجہ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو کی گنجائش بڑھانے اور ایچ آر کو مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منور حسین بخاری، سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس اور مقامی رہنما مسلم لیگ احمد یار ہنجرا بھی موجود تھے۔


