حکومت سوشل میڈیا پہ قدغنیں لگانے کی تیاریاں کر رہی ہے کیونکہ حکومت جانتی ہے کہ سوشل میڈیا اس وقت ذہن سازی میں مین کتنا بڑا کردار ادا کر رہا ہے خبروں اور میڈیا پہ نظر رکھنے والی اک غیر منافع بخش تنظیم کے مطابق پاکستان میں اسی فیصد لوگوں کے لیے خبروں کا پلیٹ فارم سوشل میڈیا ہے 
اک عرصے سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ سوشل میڈیا مین سٹریم میڈیا کی جگہ لے لے گا اب یہ اندازہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے پاکستان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی تعداد کروڑوں میں جا پہنچی ہے
ملک کی سیاست میں کیا ہو رہا ہے کون سی جماعت کتنا اچھی ہے کون کتنا بڑا لیڈر ہے کون سا میڈیا چینل کس طرح کا کام کر رہا ہے اس حوالے  سے سوشل میڈیا انفلوئنسرز عوام کی ذہن سازی میں بہت بڑا کردار ادا کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب مین سٹریم میڈیا کے بڑے بڑے نام سوشل میڈیا کا رخ کر رہے ہیں سوشل میڈیا ویب سائیٹ فیس بک سیاسی طور پہ اتنا مضبوط ہو چکی ہے کہ یہ کئی ملکوں میں حکومتیں بنانے اور گرانے میں کلیدی کردار ادا کر چکی ہے یہی وجہ ہے فیس بک اور انسٹا گرام کے مالک مارک زکر برگ کو دنیا کو وضاحت دینا پڑ گئی مارک زکر برگ نے امریکی کانگریس کے نمائندگان کو بریفنگ دی کہ وہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کی ذمہ داری کو کس طرح سے ادا کریں گے
الیکشن کے نتائج پہ اثر انداز ہونے کے سبب دو ہزار اٹھارہ میں فیس بک نے بشمول پاکستان ان چار ممالک جہاں الیکشن کا انعقاد ہونے والا تھا اپنی پالیسی پہ نظر ثانی کی
ماضی میں حکمران جماعت تحریک انصاف کو بھی فیس بک و ٹوئیٹر کی سوشل میڈیائی جماعت ہونے کے طعنے دیے جاتے رہے لیکن یہی سوشل میڈیائی جماعت اس وقت پاکستان میں حکومت کر رہی ہے چند دن قبل سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو وزیر اعظم ہاؤس سے دعوت نامہ موصول ہوا جہاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ان سے ملاقات کی یہ ظاہر کرتا ہے کہ دنیا بھر کی مین سٹریم سوشل میڈیا کو کس قدر اہم سمجھتی ہے
اس کی خاصیت یہ ہے کہ سوشل میڈیا تک عام آدمی کی رسائی ہے بنا کسی فلٹر بنا کسی چیک کے عام آدمی اشرافیہ کی کارکردگی پہ سوال اٹھا رہا ہے سوشل میڈیا نے بڑے بڑے سکینڈل بے نقاب کیے ہیں کھیل شوبز سیاست میڈیا بیوروکریسی حتٰی کہ اسٹیبلشمنٹ بھی سوشل میڈیا کے طوفان میں بہہ چلے ہیں دنیا کو کنٹروک کرنے والوں کے لیے سوشل میڈیا درد سر بن چکا ہے اسی سوشل میڈیا نے اک عام سے چائے والے کو سٹار بنا دیا اسی سوشل میڈیا نے شامی مہاجر ایلان کردی کی موت کو دنیا بھر کا سانحہ بنا دیا اسی سوشل میڈیا کی بدولت شاپر کی جرسی بنائے دس سالہ افغان بچے کی فٹ بال سٹار اور اپنے ہیرو میسی سے ملاقات ممکن ہو پائی اسی سوشل میڈیا نے امریکہ میں بیٹھی لڑکی اور پاکستان میں بیٹھے لڑکے کو اک بنا دیا
صرف یہی نہیں سوشل میڈیا نوجوانوں کے لیے روزگار کا اک ذریعہ بن چکا ہے سوشل میڈیا انفلوئنسرز ان پلیٹ فارمز سے پیسہ بنا رہے ہیں بڑے بڑے کارپوریٹ ادارے پروموشن کے لیے سوشل میڈیا کی طرف رخ کر رہے ہیں پروڈکٹس کی پروموشن پہ ہی موقوف نہیں اب تو فلموں اور ڈراموں کی پروموشن کے لیے سوشل میڈیا کا سہارہ لیا جا رہا ہے ماضی قریب میں خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے میرے پاس تم ہو کی مثال لے لیں ڈرامے کا اک کلپ سوشل میڈیا پہ وائرل ہوتا ہے اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ ڈرامہ ریٹنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیتا ہے اس کی آخری قسط سینما میں دکھائی جاتی ہے اس کا اک کردار دانش مرتا ہے تو پورا ملک اس پہ بات کرتا ہے 
آئی ایس پی آر کا تیارکردہ ڈرامہ عہد وفا آن ائیر ہوتا ہے سات آٹھ اقساط کے بعد اک سرائیکی کردار گلزار کی اینٹری ہوتی ہے کردار گلزار کے تعارف پہ مبنی کلپ کیا وائرل ہوتا ہے ڈرامہ رائیٹر کو اس کردار کو دوبارہ لکھنا پڑ جاتا ہے تا کہ اس مقبول کردار کو آگے بڑھایا جا سکے اگر سوشل میڈیا نہ ہوتا گلزار کا کردار مختصر ہونے کی وجہ سے اب تک یہ ڈرامے میں نظر بھی نہ آ رہا ہوتا
افکار علوی گوہر والہ بھکر کا اک نوجوان ہے متوسط طبقے کا اک عام سے سرائیکی شاعر لیکن سوشل میڈیا کی وجہ سے اس کی نظم مرشد بچے بچے تک پہنچی اور خود افکار علوی مین سٹریم میڈیا کے پرائم ٹائم کے پروگرامز تک پہنچا
اسی سوشل میڈیا نے کئی ممالک میں بغاوت کی لہر کھڑی کر دی یہی سوشل میڈیا لیہ کی اک یتیم بچی کی آواز بنا اور سی ایم پنجاب کو نہ صرف بچی کو نوکری دینا پڑی بلکہ اس سے ناانصافی پہ معافی مانگی یہی سوشل میڈیا زینب کیس میں حاکموں کو کٹہرے میں گھسیٹ لایا یہی سوشل میڈیا سانحہ ساہیوال کی حقیقت آشکار کرنے کا باعث بنا ورنہ معصوم اریبہ اور اس کے والدین دہشت گرد قرار دیے جا چکے تھے دنیا بھر میں ہزاروں لاکھوں واقعات ایسے ہیں جو مین سٹریم پہ اثر انداز ہوئے اور ان کا محرک سوشل میڈیا تھا
آج کی سیاست سوشل میڈیا کے بغیر ادھوری ہے سوشل میڈیا فرش سے عرش اور عرش سے فرش تک لا پٹخنے کی صلاحیت رکھتا ہے دنیا پہ کنٹرول رکھنے والے پانچ پرسنٹ طبقے کے لیے سوشل میڈیا اک ڈراؤنے خواب کا روپ دھار چکا ہے اس لیے یہ مین سٹریم طبقہ سوشل میڈیا پہ کنٹرول حاصل کرنے کا خواہاں ہے مہذب ممالک میں فریڈم آف سپیچ اک ایسا حق ہے جس پہ ڈاکہ ڈالنے کا اتھارٹیز سوچ بھی نہیں سکتیں لیکن مشرق میں حالات دگرگوں ہیں یہاں عوام کو معلومات تک رسائی اور فریڈم آف سپیچ کی حدیں مقرر کی جاتیں ہیں موجودہ سائبر اصلاحات اسی سلسلے کی اک کڑی ہیں اب دیکھنا یہ ہے پاکستانی عوام اس معاملے پہ کیا ردعمل دیتی ہے ردعمک دیتی بھی ہے یا غیر اہم سمجھ کر اسے نظرانداز کر دیتی ہے کیونکہ پاکستانی عوام بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرح ان پریڈکٹ ایبل ہے کس لمحے کیا کر بیٹھے کچھ پتہ نہیں ہوتا اگر کرنے پہ آئے تو پہاڑ جیسا ہدف آسانی سے حاصل کر لے نہ کرے تو پہاڑ گرا دو حرکت نہیں کرے گی

رضوان ظفر گورمانی