مظفرگڑھ: 21 جولائی 2023(             ) ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر کے ہمراہ کوٹ ادو  اور چوک سرور شہید کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنران کے ساتھ ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا، ممبران امن کمیٹی اور ماتمی جلوسوں ک

 لائسنسداران سے ملاقات کی۔ 



ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور امن قائم کرنا ہم سب سے مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام مسالک کے علماء کرام قیام امن کیلئے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں، مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں اور مستقل قیام امن کیلئے انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کریں انہوں نے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین کے ہمراہ ضلع مظفرگڑھ اور ضلع کوٹ ادو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرچکے ہیں اور تمام ماتمی جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ پائیدار قیام امن کیلئے تمام مسالک کے جید علماء اور عوام متحد ہو متفق ہیں جہاں کہیں بھی کوئی مسئلہ سامنے آتا ہے علماء کرام مل بیٹھ کر حل کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے محرم میں کیے جانے والے سکیورٹی،صفائی ستھرائی،سٹریٹس لائٹس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں محرم الحرام بالخصوص عشرہ میں سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور سیوریج کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 546 جلوس نکالے جائیں گے جس کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز ماتمی جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی کریں گے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر تعمیر و مرمت،پیچ ورک مکمل ہو چکا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس میں شامل ہونے والے لوگوں کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے  منتظمین کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو اصغر لغاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔